ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : دیسی ماہی گیری کشتیوں کا معائنہ کرنے نہیں پہنچی افسران کی ٹیم - ماہی گیروں نے کیا برہمی کا اظہار

بھٹکل : دیسی ماہی گیری کشتیوں کا معائنہ کرنے نہیں پہنچی افسران کی ٹیم - ماہی گیروں نے کیا برہمی کا اظہار

Sat, 27 Aug 2022 12:54:26    S.O. News Service

بھٹکل، 27؍ اگست (ایس او نیوز) دیسی ماہی گیر کشتیوں کے لئے مٹی کا تیل فراہم کرنے سے متعلق کارروائی کے لئے محکمہ ماہی گیری کی جانب سے کشتیوں کا معائنہ کرنے کی تاریخ طے کرنے کے بعد افسران موقع پر نہ پہنچنے سے منڈلّی موگیر میں جمع ماہی گیروں نے اپنی ناراضی اور برہمی کا اظہار کیا ۔ اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ بھٹکل تعلقہ کے ماوین کوروے ، بندر، بیلنی ، منڈلّی موگیر کیری ، ہاولی کنٹھ ، بیلکے ، گورٹے وغیرہ سے تقریباً 200 دیسی ماہی گیر کشتیوں کے مالکان اپنی کشتیوں کا معائنہ کروانے کے لئے ضروری دستاویزات کے ساتھ منڈلّی موگیر کیری  میں صبح سے ہی جمع ہوگئے تھے ۔ مگر محکمہ کی جس ٹیم کو معائنہ کے لئے وہاں آنا تھا،  وہ نہیں آئی اور اس تعلق سے انہیں کوئی بات بتائی بھی نہیں گئی ۔ گھنٹوں انتظار کی تکلیف سے گزرنے والے ماہی گیروں نے محکمہ کی طرف سے ہوئی اس کوتاہی پر سخت برہمی جتائی اور کہا کہ اپنا کام کاج چھوڑ کر ہم لوگ یہاں پہنچے ہیں اور افسران کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف محکمہ کو تادیبی اقدام کرنا چاہیے ۔
    
اس معاملہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے محکمہ ماہی گیری کی ڈپٹی ڈائریکٹر کویتا نے بتایا کہ دیسی کشتیوں کو مٹی کا تیل فراہم کرنے سے متعلق کارروائی کے لئے 13 مختلف مقامات پر معائنہ کا انتظام کیا گیا تھا اور اس کے لئے الگ الگ ٹیمیں مختص کی گئی تھیں ۔ منڈلّی موگیر کیری میں جس ٹیم کو جانا تھا اس کے ذمہ دار افسر کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے وہ ٹیم وہاں نہیں پہنچ سکی اور معائنہ نہیں کیا جا سکا ۔ انہیں پھر کسی دن  تاریخ مقرر کرکے معائنہ کی کارروائی پوری کرنے کے لئے  کہا گیا ہے ۔ 


Share: